Sunday, September 8, 2024
ہومپاکستانوزیراعلی سندھ کا وفاق کو بجلی ٹیرف کے تمام سلیب ختم کرنے کی تجویز

وزیراعلی سندھ کا وفاق کو بجلی ٹیرف کے تمام سلیب ختم کرنے کی تجویز

کراچی(آئی پی ایس ) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت کو بجلی کے ٹیرف کے تمام سلیب ختم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار ضرورت سے زیادہ ہے تو ٹیرف سلیب ختم کرنے چاہئیں۔

وزیراعلی ہاوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے زوم پر اجلاس کیا جہاں صوبائی وزیر توانائی ناصر شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور سیکریٹری توانائی مصدق جبکہ وفاقی وزیر اویس لغاری کے ہمراہ سیکریٹری توانائی فخر عالم بھی شریک تھے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت غریب صارفین کو ریلیف دے، وفاقی حکومت ایسا ریلیف دے تاکہ پورے ملک کے غریب عوام مستفید ہوسکیں۔وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ عارضی ریلیف کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ غریب عوام کو بجلی کے بلوں میں مستقل ریلیف دیا جائے، ہمیں اپنی توانائی کی پیداواری قیمت کم کرنا ہوگی۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ اگر پیداواری قیمت کم ہوتی ہے تو عوام کو ریلیف ملے گا، جس پر وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے لیے کام کررہے ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ ہم ریلیف کا فارمولا بنا کر صوبوں سے شیئر کریں گے، وزیراعلی سندھ غور و خوض کے بعد اپنی تجاویز ہم سے شیئر کریں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ 500 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دیا جائے، جس پر اویس لغاری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بھی چاہتی ہے کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے۔وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ بجلی کی پیداوار اب ضرورت سے زیادہ ہے، بجلی کی ضرورت سے زیادہ پیداوار ہے تو ٹیرف سلیب ختم کرنے چاہئیں، بجلی زیادہ استعمال کے اوقات تب ہونے چاہئں جب بجلی کی طلب پیداوار سے زیادہ ہو۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹیرف کے تمام سلیب ختم کردینے چاہئیں، سلیب کے خاتمے سے سب کو ایک قیمت پر بجلی ملے گی، ایک ریٹ پر بجلی استعمال ہونے کے بعد غریب عوام کو ٹارگٹ کرکے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریلیف دیا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔