ہوماسلام آبادسی ڈی اے بورڈ اجلاس ، سیونتھ ایونیو ، آئی جے پی روڈز اور ضلعی کورٹس کی تعمیر کے منصوبوں کو سرکاری اداروں کے حوالے کرنے کی منظوری

سی ڈی اے بورڈ اجلاس ، سیونتھ ایونیو ، آئی جے پی روڈز اور ضلعی کورٹس کی تعمیر کے منصوبوں کو سرکاری اداروں کے حوالے کرنے کی منظوری

اسلام آباد ،وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے بورڈ نے سیونتھ ایونیو ، آئی جے پی روڈز اور ضلعی کورٹس کی تعمیر کے منصوبوں کو سرکاری اداروں کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ، منصوبوں پر ایک ہفتے میں کام کے آغاز کو یقینی بنایا جایا جائے ، اسلام آباد میں سلاٹر ہائوس کی تعمیر کیلئے کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی بھی منظوری دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس چیئر مین عا مر علی احمد کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کواٹرزمیں منعقد ہو ا۔اجلاس میں گیارہ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ، اجلاس میں ممبر فنانس رانا شکیل جاذب، ممبر ایڈمنسٹریشن عامر عباس، ممبر اسٹیٹ نوید الہی، ممبر انجیئنرنگ منور شاہ سمیت تمام ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایجنڈے کو زیر غور لاتے ہوئے سابقہ اجلاس کی کاروائی کی منظوری دینے کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ سیونتھ ایونیو، آئی جے پی روڈ اور ڈسٹرک کورٹس کی تعمیر کے منصوبوں کو سرکاری ادارے کے حوالے کیا جا ئے تاکہ ان منصوبوں پر ایک ہفتے میں کام کے آغاز کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید براں اسلام آباد میں سلاٹر ہاوس کی تعمیر کیلئے کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ہدایت کی روشنی میں سیکٹر ایف سیون میں واقع صفا گولڈ مال کے معاملہ کو زیر غور لایا گیا۔ اجلاس میں وفاقی دارلحکومت کے سیکٹر آئی الیون ون اور آئی الیون ٹو میں قبرستان کی وجہ سے لے آئوٹ پلان میں قواعد و ضوابط کے مطابق تبدیلی کی منظوری دے دی گئی۔ اسی طرح سینٹ ایونیو ہائوسنگ سکیم کے این او سی کی درخواست کو بھی منظور کر لیا گیا۔ اجلا س میں جناح کنونشن سینٹر کی نجکاری کا معاملہ بھی زیر غور لایا گیا جس پر بورڈ نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد معاملے کو دوبارہ وفاقی کابینہ میں بجھوانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں پیرا ڈائزڈ سٹی کے این او سی کے معاملے کو متعلقہ ونگ میں دوبارہ بھیجنے کا فیصلہ بھی کیاگیا اور ہدایات جاری کی گئیں کہ تمام قانونی تقاضے اور ضابطے پورے کرنے کے بعد معاملہ کو دوبارہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ اسی طرح سی ڈی اے ملازمین کے گریڈ ایک تا سولہ، ریٹائرڈ ملازمین اور بیوگان کے پلاٹس کے معاملے کو بھی زیر غور لایا گیا جس پر فیصلہ کیا گیا کہ یہ معاملہ تمام قواعد وضوابط کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔