اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں جدید طرز کے رہائشی اور تفریحی منصوبے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت منظوری اور دیگر امور ہفتوں یا مہینوں کے بجائے چند دنوں میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
سعودی ریئل اسٹیٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں مین ہیٹن طرز کا منصوبہ تیار کرنے کا ارادہ ہے، جس میں مرکزی پارک کے گرد رہائشی اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کے سفاری پارک کو بھی بہتر بنانے کا منصوبہ ہے، جہاں جانوروں کی تعداد اور تفریحی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق پاکستان میں تفریحی سرگرمیوں کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ منصوبوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے نیلامی کے عمل میں متعلقہ فریقوں کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی سرمایہ کار بھی پاکستان میں رہائشی اور تفریحی منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور منصوبوں کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد میں مین ہٹن طرز کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان، سعودی سرمایہ کاروں کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
