ہومپاکستاننااہل ،کٹھ پتلی وزیراعظم غریب کے منہ سے نوالہ چھین رہا ہے، بلاول بھٹو

نااہل ،کٹھ پتلی وزیراعظم غریب کے منہ سے نوالہ چھین رہا ہے، بلاول بھٹو

چکسواری /منگلا، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میرپور آزاد کشمیر کے مقام چکسواری کے مقام پر ایک عظیم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی ختم ہوگئی ہے وہ خود یہاں آکر اپنی آنکھوں سے پیپلزپارٹی کی مقبولیت دیکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چودھری عبدالمجید نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے ساتھ کام کیا اور پھر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلتے رہے اور آج وہ تیسری نسل کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ وہ بہت خوشی کا وقت تھا جب چودھری مجید جیسا جیالا آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنا۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر دونوں میں ایک نئی نسل سیاست میں آرہی ہے۔ آزاد کشمیر میں یہ نئی نسل قاسم مجید کی طرح عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ہم اس نسل کے ساتھ ایک طویل اننگ کھیلیں گے۔ یہ انتخابات قاسم مجید کے لئے ایک امتحان ہیں۔ ہم ان انتخابات میں عوام کی خدمت کے لئے حصہ لیتے ہیں نا کہ صرف اقتدار میں آنے کے لئے۔ قاسم مجید کو اپنے والد کی طرح عوام کی خدمت کرنی پڑے گی۔ پی پی پی نے ہمیشہ غریبوں کی حمایت کی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بے زمین کسانوں کو زمینیں دیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ساری عمر عوام کی خدمت کی۔ بی آئی ایس پی پروگرام غریب خواتین کے لئے ہے۔ جب پیپلزپارٹی کو یہ توڑنے کی کوشش کرتے ہیں تو عوام کی حمایت کے لئے کوئی نہیں رہتا۔ عوام دشمن عناصر نے ہمیشہ عوام کو مشکلات سے دوچار کیا ہے جبکہ پی پی پی ہمیشہ عوام کو ریلیف فراہم کرتی ہے۔ ہم آزاد کشمیر میں ایک عوام دوست اور غریب دوست حکومت بنائیں گے۔ جب ہم حکومت بنائیں گے تو ہم تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافہ کریں گے اور نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے۔ جب پوری دنیا شدید کساد بازاری کا شکار تھی اس وقت ہم نے تنخواہوں میں 120فیصد، پنشنوں میں 100فیصد اور بھارت اور دہشتگردوں سے لڑنے والے سپاہیوں سے 175فیصد اضافہ کیا تھا۔ صرف پیپلزپارٹی ہی تنخواہوں اور پنشنوں میں اضافہ کرتی ہے جس وقت یہ اضافہ ہوا تھا اس وقت پیپلزپارٹی مردحر صدر زرداری کی قیادت میں حکومت کر رہی تھی۔ یہ نااہل کٹھ پتلی وزیراعظم عوام سے ان کی نوکریاں چھین رہا ہے اور غریب کے منہ سے نوالہ چھین رہا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا فلسفہ یہ ہے کہ کشمیری خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے نعرہ دیا تھا “ہمارا نعرہ سب پہ بھاری، رائے شماری رائے شماری”۔ ہم کشمیریوں کے حکم پر اپنی کشمیر پالیسی بنائیں گے۔ نہ تو دہلی اور نہ بنی گالہ کشمیریوں کو ڈکٹیٹ کر سکتے ہیں۔ پی پی پی کے جیالے کشمیر پر کوئی سودا نہیں ہونے دیں گے۔ ہم نے ڈکٹیٹر ضیاالحق، ڈکٹیٹر مشرف اور میاں صاحب کا مقابلہ کیا ہے اور اب ہم اس کٹھ پتلی اور نااہل کو بھگائیں گے۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا اور میزائل ٹیکنالوجی شہید محترمہ بینظیر بھٹو لائیں لیکن اب یہ کٹھ پتلی ہماری ایٹمی قوت کے خلاف سازش کر رہا ہے۔ کیا آپ کشمیر اور ایٹمی قوت پر سمجھوتے کی اجازت دے سکتے ہیں؟ آپ کا جواب یقینا نہیں میں ہے۔ یہ کٹھ پتلی اور نااہل وزیراعظم بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ریلیف دینے کی کوشش کر رہا ہے اور رات کی تاریکی میں یہ کوشش کرتا ہے لیکن جب ہم نے ان کو بے نقاب کیا تو وہ قومی اسمبلی میں کلبھوشن یادیو کے لئے این آراو لا رہا ہے لیکن پیپلزپارٹی کبھی بھی کلبھوشن یادیو کو این آراو دینے کے جرم میں شریک نہیں ہوگی۔ عمران خان نے بھارت کی جانب سے کشمیر پر حملے کے بعد ایک یو ٹرن لیا اور بحیثیت وزیر تجارت بھارت سے تجارت کی کوشش کی۔ نااہل کی پالیسیاں کنفیوز ہیں اور اسے پاکستان کا وزیرعظم نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان اور کشمیر میں کوئی کنفیوز وزیراعظم بنے۔ کشمیر کو جیالے وزیراعظم کی ضرورت ہے۔ اب یہ جیالوں کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کو ایک کٹھ پتلی حکومت سے بچائیں اور ایسا کرنے کے لئے صرف ایک ہی راستہ ہے جو کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور پیپلزپارٹی کا راستہ ہے۔ اب ایک جیالا ہی آزادکشمیر کا وزیراعظم بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف تبدیلی کی حکومت کنفیوز ہے بلکہ ہمارے وہ دوست بھی کنفیوز ہیں جو پہلے اس کٹھ پتلی کی حکومت کو بھگانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا کوئی بیانیہ ہی نہیں ہے بلکہ ان کا ہر عہدیدار ایک الگ بیانیہ دیتا ہے وہ بھی کنفیوز ہیں۔ یہ بہتر ہوگا کہ کنفیوزن ختم ہو اور آپ کنفیوزن کو ووٹ نہیں دے سکتے۔ ہم نہ تو مودی کے لئے دعائیں کرتے ہیں اور نہ اسے اپنی شادیوں پر بلاتے ہیں۔ ہماری خوشی اور غم کشمیریوں کے ساتھ اور اس کے دشمن مودی کے ساتھ نہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ مریم نواز بھی اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کے لئے کشمیر آئی ہوئی ہیں اور میں ہر جیالے سے کہتا ہوں کہ آپ ان کے ساتھ عزت کے ساتھ پیش آئیں اور ان کے ساتھ کوئی غلط زبان استعمال نہ کریں۔ ہم ان کا مقابلہ سیاسی طور پر کریں گے اور آپ کو پیپلزپارٹی کی اعلیٰ روایات کو قائم رکھتا ہوگا۔ میں نے تو مریم نواز کی گرفتاری پر اس وقت قومی اسمبلی میں آواز اٹھائی تھی جب ان کی پارٹی بھی ان کے لئے بولنے سے کترا رہی تھی۔ ہم سیاست میں خواتین کو نشانہ نہیں بناتے کیونکہ یہ پی پی پی کی روایت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے گندے وزیر کشمیر بھیجے ہیں اور ایک گندا وزیر تو پیسے تقسیم کرتا ہوا پکڑا گیا۔ انہیں پتہ نہیں کہ کشمیری بکنے والے لوگ نہیں اور یہ غیرت مند لوگ ہیں جو 70سالوں میں بھارت کے آگے نہیں جھکے وہ کس طرح پیسے کے آگے جھک سکتے ہیں۔ آپ 25جولائی کو تیر پر مہر لگائیں گے اور جب قاسم مجید یہاں سے رکن منتخب ہو جائیں گے تو وہ اس پل کر مکمل کریں گے جو اسلام آباد سے راستہ کم کر دے گا اور جس کا کام چودھر عبدالمجید نے شروع کیا تھا۔ اس کے بعد ہم ایک ساتھ فتح کا جشن منائیں گے۔ میں اس مرتبہ عید مظفرآباد اور باغ میں منائوں گا۔ آپ کو پیپلزپارٹی کا پیغام لے کر گھر گھر جانا ہے کہ صرف یہی پارٹی ہے جو نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین کی خدمت کرتی ہے۔ آپ پی پی پی کا پیغام لے کر ہر خاتون کے پاس جائیں گے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ مہنگائی سے کیا مشکلات درپیش ہوتی ہے۔ یہ بزدل کٹھ پتلی اور نااہل آپ کی کوششوں سے بھاگے گا اور مجھے امید ہے کہ آپ اسی طرح میری حمایت کریں گے جس طرح آپ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حمایت کی تھی۔ تیر کانشان کامیابی کا نشان ہے۔اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری جب منگلا پل پر پہنچے تو پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے ان کا استقبال نعروں سے کیا اور قائداعظم چوک میر پور پہنچنے پر ایک بہت بڑے اجتماع نے ان کا استقبال کیا اور ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر ایک مختصر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول نے کہا کہ ہمارا ارادہ یہاں خطاب کرنے کا نہیں تھا لیکن آپ نے اتنی بڑی تعداد میں جمع ہو کر ثابت کر دیا ہے کہ جیالے 25جولائی کا انتخاب جیت رہے ہیں۔ جیالوں کو اس تبدیلی حکومت کی تباہی سے کشمیریوں کو بچانا ہے کیونکہ تبدیلی کا اصل چہرہ تاریخی مہنگائی ، غربت اور بیروزگاری ہے۔ جیالے عوام کو تبدیلی کی حکومت جھیلنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص ہے جو ہر دور میں کسی نہ کسی پارٹی کا جھنڈا اٹھا کر آجاتا ہے وہ یہاں سے انتخاب لڑ رہا ہے، وہ لوٹا ہے اور جیالے اس کو شکست سے دوچار کر دیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔