اسلام آباد، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(آئی سی سی آئی)نے وزپرنگ پائنز ہوٹل پیر سوہاوا کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ہوٹل چیمبر کے ممبران کو اپنی مختلف سروسز اور سہولیات پر 20سے 30فیصد تک ڈسکائونٹ فراہم کرے گا۔
آئی سی سی آئی کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور وزپرنگ پائنز ہوٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابر امان ملک نے چیمبر میں منعقدہ ایک تقریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم ، چیمبر کی ہیلتھ کئیر کمیٹی کے کنوینر عبدالرحمن صدیقی ، چوہدری اشرف فرزند اور دیگر بھی تقریب میں موجود تھے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ چیمبر کے ممبروں کو ویلیو ایڈڈ سروسز فراہم کرنا ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے او ر اس سلسلے میں تمام ممکنہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزپرنگ پائنز ہوٹل پیر سوہاوا سے ممبران کیلئے ڈسکائونٹ کا حصول ان کوششوں کی طرف ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے پہلے ہی اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، اسپتالوں، فارمیسیوں، لیبارٹریوں ، ایئر لائنز، آئی ٹی سروس فراہم کرنے والے اداروں اور فٹنس کلبوں سمیت مختلف اداروں سے اپنے ممبران کیلئے ڈسکائونٹ حاصل کر رکھے ہیں جبکہ آئندہ مزید اداروں سے ان کیلئے ڈسکائونٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی تا کہ چیمبر کے ساتھ ممبروں کی وابستگی کو ان کیلئے مزید قیمتی اور پرکشش بنایا جائے۔ انہوں نے چیمبر کی ہیلتھ کیئر کمیٹی کے کنوینر عبدالرحمن صدیقی کی کاوشوںکو بھی سراہا جنہوں نے مختلف اداروں سے ڈسکائونٹ حاصل کرنے کیلئے مثبت کردار ادا کیا۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزپرنگ پائنز ہوٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابر امان ملک نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے ممبران مقامی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا ہوٹل چیمبر کے ممبروں کو اعلی معیار کی سروسز فراہم کرنے کی کوشش کرے گا۔ آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمن خان، چیمبر کی ہیلتھ کئیر کمیٹی کے کنوینر عبدالرحمن صدیقی اور دیگر نے بھی چیمبرکے ممبران کو اپنی سروسز پر ڈسکائونٹ فراہم کرنے پر وزپرنگ پائنز ہوٹل کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔
