راولپنڈی(آئی پی ایس ) بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے بعد واسا نے پری الرٹ جاری کردیا۔ ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح کو مسلسل مانیٹر کررہے ہیں، نالہ لئی کے اطراف آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے جب کہ ندیم کالونی اور جاویدکالونی کے مکینوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق بارشوں کے بعد نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ اور گوالمنڈی پل پر پانی کا لیول 4 فٹ ہے، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 12 فٹ ہوگئی جس کے بعد خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔ ایم ڈی واسا کے مطابق جڑواں شہروں میں مجموعی طور 50 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔واساحکام کا بتانا ہے کہ جڑواں شہروں میں موسلادھار بارشوں کے بعد واسا راولپنڈی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، واسا ٹیمیں نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کی مدد سے نکاسی آب میں مصروف ہیں۔ جڑواں شہروں میں بارش کے باعث گوالمنڈی میں پانی کی سطح 10 فٹ فٹ اور کٹاریاں 12 فٹ ہے۔
کٹاریاں میں نالہ لئی میں پانی کی سطح پری الرٹ 15 اعشاریہ7فٹ اور گوالمنڈی میں پری الرٹ 14 اعشاریہ1 فٹ ہے۔ترجمان واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح ساڑھے 12 فٹ بلند ہوگئی۔ پانی کے بہاو میں اضافے کے باعث عملہ اور اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ واسا ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے الرٹ ہیں جبکہ رین ایمرجنسی بھی پہلے سے نافذ کی گئی ہے۔راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔بوہڑ بازار سمیت ملحقہ علاقوں میں پانی جمع ہونے سے تاجروں کا کاروبار اور معمول کی زندگی متاثرہوئی۔
