لاہور(آئی پی ایس )صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ عدالتی کندھے استعمال کر کے کوئی چی گویرا اور نیلسن منڈیلا نہیں بن سکتا۔
خیبرپختونخوا حکومت کے 9مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا پشاور ہائیکورٹ کو جوڈیشل کمیشن بنانے کا خط عدالتی ہتھوڑے کے نیچے چھپنے کی ناکام کوشش ہے، گیدڑ کو جب موت نظر آتی ہے تو وہ شہر کی جانب بھاگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن ہمیشہ پوشیدہ اور وضاحت طلب معاملات پر بنتے ہیں، 9 مئی کی ناکام بغاوت کی ویڈیوز، تصاویر اور آڈیوز بطور ثبوت موجود ہیں، 9 مئی کی ناکام بغاوت ملک کے خلاف ایک سازش تھی، اس بغاوت کے تمام کردار اس کے سہولت کار اور ماسٹر مائنڈ کون ہیں حقیقت عیاں ہوچکی۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا جوڈیشل کمیشن کیلئے عدالت جانا اپنے جرائم کا اعتراف کرنے کے مترادف ہے، فتنہ خود بھی 9 مئی کی بغاوت کا اعتراف کر چکا ہے، سلمان اکرم راجہ نے بھی اس کی تصدیق کر دی۔
