Friday, May 8, 2026
ہومدنیاجوبائیڈن دوبارہ صدر بننے کے قابل نہیں، کملا ہیرس کو شکست دینا آسان ہو گا: ٹرمپ

جوبائیڈن دوبارہ صدر بننے کے قابل نہیں، کملا ہیرس کو شکست دینا آسان ہو گا: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن کے صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبرداری کے اعلان کے بعد ان کی مخالف پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے ملک میں ہونے والے آئندہ صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے، امریکی شہریوں کے نام اپنے پیغام میں جوبائیڈن نے کہا کہ آپ کا صدر بننا میرے لئے بڑے فخر کی بات ہے، میری خواہش تھی کہ دوبارہ صدارتی انتخابات لڑوں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے، قوم سے اس ہفتے خطاب کروں گا، باقی مدت کیلئے بطور صدر ذمہ داریاں نبھاتا رہوں گا، ہم نے ملکر کورونا اور معاشی صورتحال کا مقابلہ کیا، گزشتہ ساڑھے تین سال ہم نے بطور قوم بے پناہ ترقی کی ہے، آج امریکا دنیا کی سب سے مضبوط معیشت ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن کی دستبرداری کے بعد کملا ہیرس کے صدارتی امیدوار بننے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی کملا ہیرس کے بطور صدارتی امیدوار فیصلے کی توثیق کر دی ہے، کملا ہیرس ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں ایک کمزور حریف ثابت ہوں گی۔
دوسری جانب ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ پر جوبائیڈن کی جانب سے صدارتی دوڑ سے دستبرداری کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نائب صدر کملا ہیرس کو صدارتی الیکشن میں شکست دینا بائیڈن کے مقابلے میں اور آسان ہوگا۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جوبائیڈن کو امریکی تاریخ کا بدترین صدر قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ جوبائیڈن کے آس پاس موجود لوگ جن میں ان کے ڈاکٹر اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں وہ جانتے تھے کہ بائیڈن صدر بننے کے قابل نہیں ہیں، انہوں نے صرف جھوٹ اور جعلی خبروں سے عہدہ حاصل کیا۔
ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ لاکھوں لوگ سرحد عبور کرکے بغیر کسی جانچ پڑتال کے ہمارے ملک میں داخل ہو رہے ہیں جن میں بہت سے جیلوں سے نکل کر آئے ہیں تو کوئی پاگل خانے سے آیا ہے جبکہ بہت سے دہشتگرد بھی ہیں۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سب نے دیکھا جوبائیڈن نے ملک کیساتھ کیا کچھ کیا ہے، یقیناً وہ خدمت کیلئے موزوں نہیں ہیں، ان کے دور صدارت میں ہم نے بہت زیادہ برداشت کیا، جوبائیڈن نے ملک کو جتنا نقصان پہنچایا ہم اسے بہت جلد ریکور کر لیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔