اسلام آباد(سب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔یہ بات اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شبلی فراز اور دیگر نے پریس کانفرنس میں کہی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج حکومت کی جانب سے اعلان ہوا ہے کہ پی ٹی آئی پر بابندی لگائی جائے گی ہم اس بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ سراسر سپریم کورٹ کی توہین ہے کیوں کہ سپریم کورٹ نے ہمیں ریلیف دیا ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کا حق ہے جو انہیں ملا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت ہماری نشستوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے بیانات دے رہی ہے، 6 کروڑ ووٹ میں سے پی ٹی آئی نے 3 کروڑ ووٹ لیے ہیں، یہ لوگ فارن فنڈنگ کیس اور سائفر کیس میں پی ٹی آئی پر پابندی لگائیں گے حالاں کہ ن لیگ کے ترجمان کو یہ نہیں پتا کہ ہمارے اوپر فارن فنڈنگ کیس اب ہے ہی نہیں۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ سب سے پہلے سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو ایک پارٹی ڈکلئیر کیا ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی پارٹی تھی اور ہے، آج جو پریس کانفرنس ہوئی ہے وہ ان کی خواہشات ہوسکتی ہیں، یہ جو فارم 47 کی حکومت ہے یہ اقلیتی حکومت ہے، ہم پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے ڈیمانڈ کرتے ہیں کہ وہ صاف صاف میدان میں آ کر کہیں کہ کیا وہ ن لیگ کے اس بیان کی حمایت کرتے ہیں؟ یہ انہیں صاف صاف بتانا پڑے گا۔
عمر ایوب نے کہا کہ بجلی کے نرخ انہوں ںے بڑھائے، مہنگائی کا سیلاب آنے والا ہے اب جو مہنگائی آئے گی اس کا عوام سوچ بھی نہیں سکتے، ان چیزوں سے عوام کا دھیان ہٹانے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے، یہ لوگ اب جوڈیشری کو اپنے انگھوٹے کے نیچے لانا چاہتے ہیں، ان لوگوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف سڑک بلاک کی اور احتجاج کیا اگر یہ پی ٹی آئی کرتی تو ہمارے گھروں کو مسمار کردیا جاتا۔
عمر ایوب نے کہا کہ پی ڈی ایم ون میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق لے لیا تھا، یہ وہی حکومت ہے جس نے اپنے بجٹ میں پرائیویٹائزیشن کا ہدف حاصل کرنے کا کہا ہے، ایک ہزار ارب کی مالیت کے اداروں کے عوض تیس ارب وصول کیے جارہے ہیں، باقی کے 970 ارب روپے کدھر جائیں گے؟عمر ایوب نے کہا کہ یہ وہی حکومت ہے جس نے سستے داموں گندم خریدی اور اب وہ یہ گندم فروخت کرنے والے ہیں، ہم یہ چاہتے ہیں کہ یہ پارٹیاں جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہوں۔ شبلی فراز نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کے وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس دراصل چھوٹا منہ اور بڑی بات ہے، پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔
