اسلام آباد: (آئی پی ایس) انسدادِ دہشت گردی عدالت میں تاجر عامر اعوان قتل کیس کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس نے پانچوں ملزمان کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کردیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، جبکہ پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
پراسیکیوشن کی جانب سے تمام پانچ ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی اور عدالت سے 35 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا گیا۔ پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین نے مؤقف اختیار کیا کہ اس سے قبل بھی ملزمان کا جسمانی ریمانڈ لیا جاچکا ہے اور دورانِ تفتیش کئی اہم چیزیں سامنے آرہی ہیں۔
عدالت نے ملزمان کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے تفتیش جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ ملزمان سے تفتیش جلد مکمل کی جائے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 جون تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ تاجر عامر اعوان قتل کیس کا مقدمہ تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج ہے۔
