Saturday, July 20, 2024
ہومپاکستانسپریم کورٹ میں سویلین ٹرائل سمیت دو اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ میں سویلین ٹرائل سمیت دو اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(آئی پی ایس ) سپریم کورٹ میں دو اہم مقدمات فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل سے متعلق انٹرا کورٹ اور سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہیں جن کی سماعت بالترتیب 8 اور 9 جولائی کو ہوگی۔

سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بینچ 8 جولائی کو فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل سے متعلق انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرے گا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں فل کورٹ 9 جولائی(منگل)کو سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی حتمی سماعت کرے گا جہاں سنی اتحاد کونسل کے وکیل جواب الجواب دلائل دیں گے۔

الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں کی حق دار نہیں ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل نے سپریم کورٹ سے تخلیقی تشریح کی استدعا کر رکھی ہے۔خیال رہے کہ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواستوں پر آخری سماعت میں الیکشن کمیشن کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کیے تھے اور اٹارنی جنرل آف پاکستان دلائل دے رہے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔