ہومبریکنگ نیوزپیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو وزیراعظم سے ملاقات نہیں کریں گے: امیر جماعت اسلامی

پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو وزیراعظم سے ملاقات نہیں کریں گے: امیر جماعت اسلامی

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے حکومت نے پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات نہیں کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا لیوی ٹیکس کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے، وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ لیوی ختم ہی نہیں کر سکتے تو پھر شہباز شریف کیوں ملاقات کرنا چاہتے ہیں؟ ملاقات کا کوئی ایجنڈا ہی نہیں تو پھر وزیر اعظم سے کیوں ملیں؟

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا وزیراعظم پیٹرولیم لیوی بھتہ ختم کرنے کا اعلان کریں، پیٹرولیم لیوی بھتہ ختم کرنے کا اعلان نہ کیا گیا تو وزیراعظم سے ملاقات نہیں کریں گے، کوئی سمجھ رہا ہے کہ احتجاج نہ کرنے سے ہم کمزور ہو گئے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں غربت میں تیزی سے اضافہ ہوا، پاکستان میں حکومتی اقدامات سے غربت میں اضافہ ہو رہا ہے، پچھلے 6 برس میں چاروں صوبوں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ غربت ہوئی، ترقی کے اشتہارات دیئے جاتے ہیں صرف پنجاب میں 41 فیصد غربت ہے، پنجاب میں 52 فیصد بچے اسکولوں میں فیل ہوگئے، حکومت پنجاب نے 11 ہزار اسکول آؤٹ سورس کر دیئے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا بلاول بھٹو زرداری کہتے کراچی میں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ ہے، کراچی میں سیٹوں پر قبضہ کیا گیا، سیٹیں پوری نہ ہوئیں تو 32 لوگ ملا لیے۔

ان کا کہنا تھا گورنر راج یا ایمرجنسی کی باتیں ہو رہی ہیں جو قابل قبول نہیں ہیں، معاملہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور اسپتال تک رسائی کا ہے تو اسے حل کریں، بانی پی ٹی آئی سمیت کسی کو بھی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے، ہم چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی فی الفور رہا ہوں، جن الزامات پر بانی پی ٹی آئی قید ہیں پھر تو سب سیاستدانوں کو بھی جیل میں ہونا چاہیے، ہم چاہتے ہیں پی ٹی آئی کی قید خواتین بھی فوری رہا ہوں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔