اسلام آباد ،وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا پراپیگنڈا ناکام ہوا اور الحمدللہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تیسرا بجٹ منظور کروانے میں کامیاب ہوئی ۔
منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بجٹ پر تعمیری تنقید اور اپنی مفید آرا دینے کی بجائے محض تنقید برائے تنقید کی پالیسی اپنائی، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان، وزیر خزانہ شوکت ترین اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر عوام دوست بجٹ پیش کرنے اور قومی اسمبلی سے بھاری اکثریت سے منظور کروانے پر مبارک باد کے مستحق ہیں – بجٹ اتنا جامع اور عوامی امنگوں کا ترجمان ہے کہ اپوزیشن کو نکتہ چینی کا موقع بھی نہیں ملا- انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے تین سال بہت سی مشکلات کا سامنا کیا جن میں سب سے بڑا مسئلہ سابق حکومتوں کی غلط معاشی پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے ملکی خزانے پر پڑنے والا غیر ملکی قرضوں کا بوجھ تھا اس کے علاوہ ڈالر کو 105 پر رکھنے کے لیے مصنوعی گروتھ دکھائی گئی انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا نے دنیا کے بڑے ممالک کی معیشتوں کو متاثر کیا لیکن ہماری معیشت نے اس عرصے میں بھی نسبتا بہتری دکھائی- انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اور موجودہ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے تین سال قبل پیش گوئی کی تھی کہ تین سال بعد ہماری معیشت ٹریک پر آ جائے اور آج ان کی یہ پیش گوئی پوری ہوچکی ہے اور معیشت درست ٹریک پر آ چکی ہے ہمارا گروتھ ریٹ کووڈ کے باوجود 3 اعشاریہ 94 فیصد رہا اسی طرح تمام شعبوں میں مثبت اشارہے سامنے آ رہے ہیں ٹیکسٹائل سیکٹر جس کی مشینری 2018 میں لوہے کے بھا بک رہی تھی آج ترقی کی طرف گامزن ہے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن روتی رہے گی اور ہم عوامی خدمت کرتے رہیں گے اور انشااللہ حکومت نہ صرف اپنی موجودہ مدت بلکہ آنے والے 5 سال بھی پورے کرے گی۔
