اسلام آباد،حکومت نے موبائل کال پر ٹیکس عائد کردیا، یکم جولائی سے پانچ منٹ یا زائد وقت کی کال پر صارفین کو 19.5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے ساتھ 75 پیسہ فی کال اضافی ٹیکس ادا کرنا پڑے گا اور کال 1.97 روپے سے بڑھ کر 2.72 روپے کی ہوجائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نافذ کردہ اس نئے ٹیکس کے اطلاق سے قبل صارفین 5 منٹ کی کال پر 1.65 روپے کال چارجز جبکہ 19.5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا کرتے تھے اور کال میں ٹیکسوں کا تناسب 19.5 فیصد تھا۔ اب یکم جولائی سے صارفین کو 19.5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے ساتھ 75 پیسے فی کال ٹیکس ادا کرنا پڑے گا جس کے بعد ہر کال میں ٹیکسوں کا تناسب 65 فیصد ہوجائے گا۔ماہرین کے مطابق موبائل کال پر ٹیکس سے مہنگائی کے مارے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ روز مرہ رابطوں کے لیے موبائل کالز کا خرچہ بڑھ جائے گا۔ماہرین کے مطابق حکومت ایک جانب پاکستان کو ڈیجیٹل بنانے کے دعوے کررہی ہے وہیں موبائل کال پر بھی ٹیکس عائد کیا جارہا ہے۔ ٹیلی کام خدمات پر پہلے ہی سیلز ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس بھی وصول کیا جارہا ہے۔
