لاہور(نیوزڈیسک) ممتاز سیاسی، قبائلی،سماجی شخصیت اور مسلم لیگ ق کے صوبائی راہنماشمس اللہ کاکڑ مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے،بدھ کے روز انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنماء خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کی جس میں انہوں نے باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا،
خواجہ سعد رفیق نے شمس کاکڑ کی ن لیگ میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ شمس کاکڑ کی شمولیت سے بلوچستان میں پارٹی کو تقویت ملے گی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بلوچستان اب حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، مستحکم، پرامن اور ترقی یافتہ بلوچستان ہمارا خواب ہے، شمس کاکڑ نے کہا کہ میں نے سیاسی سفر کا آغاز چوہدری شجاعت حسین کی قیاست میں مسلم لیگ ق سے کیا جہاں ہمیشہ ہمیں عزت اور پاکستان سے محبت کا درس ملا، چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں کام کرنا ایک اعزاز سے کم نہیں تھا، میں نے مسلم لیگ ق کی قیادت کو پارٹی چھوڑنے کے فیصلہ سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے نہ صرف میری خدمات کوسراہا بلکہ نئے سیاسی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، میں آج سے ن لیگ کا حصہ ہوں۔
اسے بلوچستان میں مزید فعال اور متحرک بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کروں گا، میاں نواز شریف اس ملک کی امید ہیں اور انکی قیادت میں ن لیگ کی قیادت ملک کو مزید مستحکم اور ترقی یافتہ بنائے گی، اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ خان درانی نے بھی شمس کاکڑ کو ن لیگ میں شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ شمس کاکڑ ایک حقیقی سیاسی نظریاتی ورکر ہیں جن کے تنظیمی تجربہ سے ہم استفادہ کریں گے۔
