اسلام آباد،اسلام آباد کے میگا پراجیکٹس کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے ) کی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس29 جون کو طلب کر لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کا 52 واں اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں ہو گا،اجلاس میں مختلف منصوبوں کے پی سی ون کا جائزہ لے کر حتمی منظوری دی جائے گی ،اجلاس میں اربوں روپے مالیت کے میگا پراجیکٹس کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ان منصوبوں میں جی الیون، ضلعی عدالتیں بنانے کیلئے 1422 ملین روپے کا منصوبہ ایجنڈے میں شامل ہے ، علاوہ ازیں جی ٹین ون میں لیٹیگنٹس فیسیلیٹیشن سنٹر 1800 ملین کا منصوبہ ، 3500ملین روپے کامارگلہ ہلز نیشنل پارک کا منصوبہ،186 ملین روپے کا سی ڈی اے ہسپتال 100 بیڈز کا منصوبہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے ۔ ذرائع کے مطابق بارانی پانی کی ہارویسٹنگ کیلئے 57 ملین روپے کا دو سالہ منصوبہ بھی اجلاس میں زیر غور لایا جائے گا ،کمرشل علاقوں میں پارکنگ ایریاز کی تعمیر کیلئے 4 ارب کا منصوبہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے ،بہارہ کہو کیانی روڈ پل کی تعمیر کا 185 ملین کا منصوبہ،سیکٹر ڈی 12 کی ڈیویلپمنٹ کیلئے 1168 ملین روپے کا منصوبہ،1705 ملین روپے سے شاہین چوک سگنل فری بنانے کا منصوبہ اور ای الیون چوک سگنل فری 1472 ملین روپے کا منصوبہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے ۔
