ہومدنیابھارت کے سابق اولمپمئن ملکھا سنگھ کورونا وائرس کے باعث چل بسے

بھارت کے سابق اولمپمئن ملکھا سنگھ کورونا وائرس کے باعث چل بسے

نئی دہلی ، بھارت کے سابق اولمپمئن ملکھا سنگھ 91 سال کی عمر میں کورونا وائرس کے باعث وفات پا گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکھا سنگھ گزشتہ ایک ماہ سے کورونا کی وجہ سے اسپتال داخل تھے جہاں آج ان کی موت واقع ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکھا سنگھ کے بیٹے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کی موت کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ میرے والد کا ابھی انتقال ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ 5 روز قبل ہی ملکھا سنگھ کی اہلیہ اور بھارتی والی بال ٹیم کی سابق کپتان نرمل کور بھی انتقال کر گئیں تھیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ کورونا سے متاثر تھیں اور انہوں نے اتوار کی شام 4 بجے آخری سانس لی۔ ان کی آخری رسومات اتوار کے روز ہی چنڈی گڑھ میں ادا کی گئیں۔واضح رہے کہ ملکھا سنگھ 1935 میں پیدا ہوئے تھے۔ انہیں دی فلائنگ سکھ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔سابق بھارتی کھلاڑی نے پہلے بھارتی فوج اور پھر بھارت کی نمائندگی کی اور کئی بین الاقوامی مقابلوں اور اولمپکس میں بھی حصہ لیا۔1960 میں لاہور پاکستان میں منعقدہ ایک بین الاقوامی ایتھلیٹک مقابلے میں انھیں 200 میٹر ریس کے مقابلے میں حصہ لینے کے لیے مدعو کیا گیا۔ 1947 میں فرار ہونے کے بعد سے وہ پاکستان واپس نہیں آئے تھے اور ابتدائی طور پر وہاں جانے سے انکار کردیا تھا۔لیکن بالآخر وہ پاکستان آئے جہاں ان کے سخت حریف پاکستان کے عبدالخالق بھی سٹیڈیم میں مقابلے کے لیے موجود تھے۔ ملکھا نے اس ریس میں کامیابی حاصل کی جبکہ عبدالخالق کو کانسے کے تمغے پر صبر کرنا پڑا۔پاکستان کے دوسرے صدر جنرل ایوب خان نے مقابلے میں کامیاب لوگوں کو میڈلز سے نوازا تھا۔ انھوں نے ملکھا کو اس دن جو نام دیا وہ ان کی زندگی کے ساتھ وابستہ رہا اور لوگ انھیں اسی نام سے آج بھی یاد کرتے ہیں۔ملکھا سنگھ نے بعد میں برطانوی نشریاتی اداے کو بتایا تھا کہ فلائنگ سکھ کا خطاب انھیں پاکستان نے دیا تھا اور وہ اس کے شکر گزار ہیں۔2012 میں انھوں نے بتایا کہ میڈل دیتے وقت ایوب خان نے پنجابی زبان میں کہا ‘ملکھا سنگھ، توسی پاکستان د وچ آکے دوڑے نئی، توسی اڑے ہو۔۔ آج پاکستان تینو فلائننگ سنگھ دا خطاب دیندیا اے۔’ملکھا سنگھ نے سنہ 2012 میں دلی کے گالف کلب میں خواتین کی ایک گالف ٹورنامنٹ کے دوران یہ بات بتائی اور وہ جذباتی ہوکر کہنے لگے کہ اس اعزاز کے لیے ‘میں پاکستان کا شکرگزار ہوں’۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔