ہومپاکستانٹارگٹڈ سبسڈی سے کمزور طبقوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی ، وزیراعظم

ٹارگٹڈ سبسڈی سے کمزور طبقوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی ، وزیراعظم

اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کی بدولت کمزور طبقوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی اور اس حوالے سے حکومت تمام مالی وسائل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

پیر کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشرے کے کمزور طبقوں کو حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کرنے کے حوالے سے متعارف کرائے جانے والے نئے نظام کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیرِ خزانہ شوکت ترین، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر وقار مسعود، ڈاکٹر شہباز گل، صدر نیشنل بنک عارف عثمانی و متعلقہ افسران شریک ہوئے ، معاون خصوصی خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِ اعظم کو ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے مجوزہ نظام پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ احساس سروے بانوے فیصد تک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اسی ماہ کے آخر تک اس کام کو مکمل کر لیا جائے گا۔ صدر نیشنل بنک کی جانب سے حکومت کی فراہم کردہ سبسڈی مستحق خاندانوں کو فراہم کرنے کے مجوزہ نظام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کے نظام کو متعارف کرانے کا مقصد کروڑوں خاندانوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ٹارگٹڈ سبسڈی کے حوالے سے نظام ترتیب دینے پر متعلقین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے امیر غریب کو یکساں سبسڈی فراہم کرنا نہ صرف سرکاری وسائل کا زیاں ہے بلکہ یہ ان غریب لوگوں کی حق تلفی ہوتی ہے جو اس معاونت کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کی بدولت کمزور طبقوں کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی اور اس حوالے سے حکومت تمام مالی وسائل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ نئے نظام کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ اس کا آئندہ ماہ سے باقاعدہ اجرا کیا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔