ہوماسلام آبادحکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ،معیشت میں بہتری آئے گی ، سردار یاسرالیاس خان

حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ،معیشت میں بہتری آئے گی ، سردار یاسرالیاس خان

اسلام آباد،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے وفاقی بجٹ 2021-22 پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے اسے متوازن ایک بجٹ قرار دیا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ بجٹ تجاویز پر عمل درآمد سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور معیشت بہتری کی طرف بڑھے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ حکومت نے اہم چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کئی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا ہے جو بہت حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل صنعتی ترقی سے وابستہ ہے اور حکومت نے بجٹ میں متعدد صنعتوں کے خام مال اور دیگر سامان کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کی ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویمن انٹرپرینیورز کے لئے ٹیکس واجبات میں 25 فیصد کمی کی گئی ہے جو خوش آئند ہے تاہم انہوں نے کہا حکومت کو چاہیے تھا کہ بجٹ میں ایس ایم ایز کیلئے بھی ایسے ہی ریلیف کا اعلان کرتی جس سے اس شعبے کو مزید بہتر ترقی ملتی۔سردار یاسر الیاس خان نے بجٹ میں ٹیکس دہندگان کے لئے خود تشخیصی اسکیم کو دوبارہ بحال کرنے کے اقدام کو سراہا کیونکہ اس سے انہیں مزید اعتماد ملے گا اور ٹیکس محصولات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں 12 ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیئے گئے ہیں جو ایک مثبت اقدام ہے کیونکہ ان ٹیکسوں کی وجہ سے ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ پڑ رہا تھا۔ تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت کو تاجروں کے لئے 2 فیصد فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کروانی چاہئے تھی جس سے ٹیکس ریونیو میں خاطرخواہ اضافہ ہوتا اور  دستاویزی معیشت کو بہتر فروغ ملتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں مزید پانچ لاکھ پوائنٹ آف سیل کی تنصیب سے پہلے حکومت اس بنا پر تاجر برادری کے تمام تحفظات و خدشات دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی زیادہ قیمت کی وجہ سے کاروبار کی لاگت میں کافی اضافہ ہوا ہے لہذا حکومت کو بجٹ میں بجلی کے نرخوں میں کمی کرنی چاہئے تھی تاکہ ہماری صنعت کو برآمدات کے لئے زیادہ مسابقتی بنایا جا سکتا۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ بجٹ ملک میں معاشی سرگرمیوں کی رفتار کو مزید بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔فاطمہ عظیم سینئر نائب صدر اور عبد الرحمن خان نائب صدر آئی سی سی آئی نے کیپٹل گین ٹیکس پر ٹیکس 15فیصد سے کم کر کے 12.5فیصد کرنے اور 850سی سی تک گاڑیوں کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس میں ریلیف دینے اور الیکٹرک گاڑیوں کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا کیونکہ ان سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ اور آٹوموبائل انڈسٹری بہتر ترقی کرے گی۔ فاطمہ عظیم نے مزید مطالبہ کیا کہ حکومت خواتین انٹرپرینیورز کو بھی سستے قرضے فراہم کرنے پر توجہ دے تا کہ مزید خواتین کاروبار کی طرف راغب ہوں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔