اسلام آباد(سب نیوز)الیکشن کمیشن نے این اے15 مانسہرہ کیس کل تمام فریقین کو دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے آغاز میں نواز شریف کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کی رپورٹ تاحال نہیں دی گئی، ریٹرننگ افسر کی رپورٹ پڑھے بغیر دلائل نہیں دے سکتے۔
کامیاب امیدوار گشتاسپ خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ آر او کی رپورٹ سب کو مل گئی، گشتاسپ خان 25 ہزار کی لیڈ سے جیتے، قانون کے مطابق 25 ہزار کا فرق ہو تو دوبارہ گنتی نہیں کی جا سکتی، الیکشن کمیشن کے حکم کی وجہ سے گشتاسب خان کا نوٹیفکیشن رکا ہوا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم اسٹے ختم کر دیتے ہیں، دلائل کے لیے مزید وقت دے دیتے ہیں، صرف دلائل کے لیے اسٹے کو مزید نہیں بڑھا سکتے، الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے اسٹے کو جلد از جلد ختم ہونا چاہیے۔
چیف الیکشن کمشنر نے جہانگیر جدون سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیس جتنا مرضی طویل کریں، ہم اسٹے پر فیصلہ کر دیتے ہیں، کبھی آپ تاخیر سے آتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ریکارڈ نہیں ملا۔الیکشن کمیشن نے تمام فریقین کو دستاویزات دینے کا حکم دے دیا۔
وکیل جہانگیر جدون نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمیں حتمی دلائل دینے کا آخری موقع دے، 125 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ فارم 47 میں شامل نہیں کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آر او نے رپورٹ میں 125 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ شامل نہ ہونے کا دعویٰ مسترد کیا ہے۔
وکیل بابر اعوان نے کہا کہ فارم 47 تیاری کے وقت نواز شریف کی جانب سے کوئی آر او کے آفس نہیں گیا۔الیکشن کمیشن نے این اے15 مانسہرہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 15 مانسہرہ سے آزاد امیدوار شہزادہ گشتاسپ خان کامیاب ہوئے تھے۔
