کویت،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے، ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے،کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔ وہ اتوار کو کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالدالحامدالصباح سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔
کویت کے وزیر داخلہ اور پاکستانی سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ملاقات میں پاک کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی ،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیر اعظم سے ویزا بحالی پر بات چیت کی ۔وزیر داخلہ نے وزیر اعظم عمران کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔ ملاقات میں2011سے بند پاکستانی شہریوں کیلئے کویتی ویزہ کی بحالی پر بڑی پیش رفت سامنے آئی جبکہ پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے اور پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی ،خلیج ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر اب کویت آسکیں گے ۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کویتی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں،دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اور محبت ہے،تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں،پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے،پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے، ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے،کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔
