لاہور(آئی پی ایس )ابوظہبی میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے سخت شرائط آڑے آنے لگیں۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات حکومت کی سخت شرائط پی ایس ایل سکس بقیہ میچز کے انعقاد میں رکاوٹ بننے لگی ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق وقت کی کمی کے باعث کھلاڑیوں اور آفیشلز کی ویکسینیشن سمیت سفری معاملات کو پورا کرنا ممکن نہیں ہے، معاملے پر کرکٹ بورڈ نے فرنچائزز مالکان سے مشاورت کے لئے آج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ یواے ای حکومت کی شرائط کے باعث میچز کا انعقاد ففٹی ففٹی رہ گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ورچوئل اجلاس میں یو اے ای حکومت کی جانب سے رکھی گئی شرائط پر تبادلہ خیال کیا جائے گا،پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کے حوالے سے آئندہ چند گھنٹوں میں اہم فیصلہ متوقع ہے۔دوسری جانب پی ایس ایل پلیئرز کی پاکستان سے شیڈولڈ روانگی بھی موخرہوگئی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے ٹیموں اور پلیئرز کو ایڈوائزری موصول ہوگئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو موصول پیغام میں کہا گیا ہے کہ شیڈول کے مطابق 22 مئی کو روانگی نہیں ہوگی، کھلاڑی فی الحال قرنطینہ کیلئے ہوٹل چیک ان نہ کریں۔خیال رہے کہ پی ایس 6 میں 34 میچز کھیلے جانے تھے اور ابتدائی 14 میچز پاکستان میں کھیلے جاچکے ہیں۔ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ایونٹ ملتوی کردیا گیا تھا۔معاملات کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد فائنل سمیت بقیہ 20 میچز ابوظہبی میں کرائے جائیں گے۔
ابوظہبی میں پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز مشکلات کا شکار
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
