اسلام آباد،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے سونامی نے غریب آدمی کا جینا دوبھردیا ہے ، حکو مت کا اعلان کردہ رمضان پیکیج مجبور اور بے بس عوام کو دوربین لگا کر بھی کہیں نظر نہیں آرہا ،آٹا ،چینی اور دیگر اشیاضروریہ کے حصول کے لیے لگی لمبی لمبی لائنوں نے گڈ گورننس کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے
انھوں نے کہا کورونا اور کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ حکومت عوام کی حالت زار پر رحم کرتے ہوئے روزمرہ کی اشیاخوردنوش کی قیمتوں پر کنٹرول اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے حلقہ انتخاب کے دورے کے موقع پر مرحومین کے لیے فاتحہ بیماروں کی عیادت کے موقع شہریوںسے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا پی ٹی آئی قیادت نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مہنگائی، کرپشن کے خاتمے سمیت روزگارو خوشحالی کے دعوے کئے تھے۔ مگر ڈھائی سالہ دور میں مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن کے پرانے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔موجودہ وزیر خزانہ کے انکشافات لمحہ فکریہ ہیں کہ کس طرح ملک کو مہنگائی اور آئی ایم ایف کی غلامی میں جکڑا جارہاہے، انھوں نے کہا عوام نے تمام نظام و پارٹیاں آزمالیں۔عوام کے تمام مسائل کا واحد حل ملک میں قرآن و سنت کا نفاذ جس کیلئے جماعت اسلامی روز اول سے جدوجہد کررہی ہے۔
