لاہور:ملک میں بدترین معاشی بحران کے دوران بیرونی دوروں پر عائد کی گئی پابندی کو پنجاب اسمبلی کے افسروںنے ہوا میں اڑا دی۔قائمقام سیکرٹری پنجاب اسمبلی علی عمران رضوی نے ہالینڈ دورے کیلئے سپیکر سبطین خان سے منظوری حاصل کرلی، اور دورے کے لئے لاکھوں روپے بھی جاری کروا لئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹرعلی بھلی بھی دو رکنی وفد میں شامل ہونگے،دونوں افسران انٹرنیشنل فیڈریشن آف لائبریری ایسوسی ایشن (افلا) کی ورکشاپ میں شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق دورے کے لئے پنجاب اسمبلی کے اکا ئونٹ سے تین ملین سے زائد جاری کئے گئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی عملے نے اس شاہ خرچی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ افلا ورکشاپ میں شرکت غیرضروری اقدام ہے۔قائمقام سیکرٹری علی عمران رضوی کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں دورکنی وفد شرکت کررہا ہے، یہ کامن ویلتھ کی کانفرنس ہے،پہلے بھی سیکرٹریز جاتے رہے،ایک فرد پر صرف 10 سے 12 لاکھ کا خرچ آرہا ہے۔ دوسری جانب سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے بار بار رابطہ کرنے پر بھی موقف نہ دیا۔
