ہومبریکنگ نیوزانوار الحق کاکڑ نگران وزیر اعظم کے عہدے کا حلف آج اٹھائیں گے

انوار الحق کاکڑ نگران وزیر اعظم کے عہدے کا حلف آج اٹھائیں گے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نامزد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ملک کے 8 ویں نگران وزیر اعظم کی حیثیت سے عہدے کا حلف آج اٹھائیں گے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی حلف برداری کی تقریب آج سہ پہر3 بجے ایوان صدر میں ہوگی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نامزد وزیراعظم سے حلف لیں گے۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے جب کہ تقریب میں شرکت کے دعوت نامے جاری کردیے گئے ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت تینوں سروسز چیفس کو بھی دعوت نامے بھجوا دیے گئے ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور چاروں صوبائی گورنرز کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نگراں وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں سابق وفاقی کابینہ کے اراکین کی شرکت بھی متوقع ہے۔
نامزد وزیراعظم انوار الحق کاکڑ حلف برداری کے فوری بعد وزیراعظم ہاؤس پہنچیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر انوار الحق کاکڑ کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور ان سے وزیراعظم ہاؤس کے عملے کا تعارف کروایا جائے گا۔
انوار الحق سے قبل نگران وزیراعظم کے عہدے پر رہنے والوں میں غلام مصطفیٰ جتوئی، بلخ شیر مزاری، معین الدین حیدر، معراج خالد، محمد میاں سومرو، میر ہزار خان کھوسو اور جسٹس ناصر الملک شامل ہیں۔
دوسری جانب نامزد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے، وہ حلف برداری کی تقریب سے پہلے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھجوادیں گے۔
قانونی طور پر انوار الحق کو سینیٹ نشست چھوڑنے کی ضرورت نہیں تھی اور ماضی میں ایسی ایک مثال بھی موجود ہے۔
نگران کابینہ سے متعلق ذرائع کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم اگلے 2 سے 3 دن میں اپنی کابینہ کو حتمی شکل دیں گے، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو نگران کابینہ میں وزارت خزانہ کا قلمدان جبکہ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کو وزیر خارجہ بنائے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔