ہومپاکستانپیٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام، پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان برقرار

پیٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام، پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان برقرار

کراچی(سب نیوز) پیٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں جس کے باعث ہفتہ 15اگست صبح 6بجے سے پیٹرولیم ڈیلرز کی غیر معینہ مدت کے لیے ملک گیر ہڑتال یقینی ہوگئی ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی کے چیئرمین ملک خدا بخش کی قیادت میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ گزشتہ شب ہونے والے مذاکرات میں ماحول کشیدہ رہا۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد اور وزارتِ پیٹرولیم کے درمیان پانچ گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے دیے گئے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم پر وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے مطابق مذاکرات کے دوران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ رد و بدل کے نظام میں تبدیلی سے انکار کر دیا جبکہ حکومت کی جانب سے ڈیلرز کے مارجن میں ایک روپے 34 پیسے اضافے پر بات کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی، تاہم اس کی منظوری وفاقی کابینہ سے مشروط کی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کے رویے کو دیکھتے ہوئے پیٹرولیم ڈیلرز کے وفد نے فوری طور پر کراچی واپس روانہ ہونے اور کراچی میں اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے کی صبح ہڑتال کے فیصلے پر بدستور قائم ہیں۔پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز کے وفد میں چیئرمین ملک خدا بخش کے علاوہ وائس چیئرمین طارق حسن، وائس چیئرمین انور کمال، سندھ کے صدر امیر خان جبکہ پنجاب سے پیٹرولیم ڈیلرز کے وائس چیئرمین راجا وسیم، چودھری باہر، خواجہ کاشف الہی، کے پی کے سے عبد الماجد خان و دیگر بھی شامل تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔