اسلام آباد:نامزد نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سینیٹ سے مستعفی ہونیکا فیصلہ کرلیا ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ سے مستعفی ہونے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکنیت سے بھی استعفی دے دیں گے۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اب چونکہ ان کی ذمہ دار ی ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے جس کے لیے انہوں نے الیکشن کمیشن سے تعاون کرنا ہے اور انہیں اپنی غیر جانبداری ثابت کرنے کا تقاضہ پورا کرنا ہے، اس لیے انہوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ انوار الحق کاکڑ ملک کے آٹھویں نگران وزیراعظم کا حلف کل اٹھائیں گے، حلف برداری کے بعد نگران کابینہ کا فیصلہ کیا جائیگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تمام جماعتوں کی طرف سے انوارالحق کاکڑ کے نام پر اعتماد ہمارے درست انتخاب کی علامت ہے، آئینی طریقہ کار پر چلتے ہوئے ایک اچھے نام پر اتفاق ہوا، راجہ ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مشاورت میں مدد کی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انوارالحق کاکڑ پڑھے لکھے اور محب وطن شخص ہیں، امید ہے انوارالحق کاکڑ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔
