خیبر: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے نگراں وزیراعظم کی تعیناتی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ نگراں وزیراعظم ایک مہرے کے سوا کچھ نہیں ہے، مقتدر حلقوں سے گزارش ہے کہ وہ شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔
سانحہ بابڑہ کے 75 سال مکمل ہونے پر خیبر میں منعقدہ امن جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی کو موقع ملا تو سانحہ بابڑہ کا کیس ری اوپن کریں گے، جامع تحقیقات کرکے حق اور باطل کے حقائق پوری دنیا کے سامنے لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ بابڑہ پختون تاریخ کا ایک سیاہ اور افسوسناک باب ہے، 75 سال قبل اس دن قیوم خان نے نہتے خدائی خدمتگاروں پر گولیاں برسائیں تھی جس کے نتیجے میں 600 سے زائد افراد کا قتل عام ہوا، سرکار نے پہلے پرامن خدائی خدمتگاروں کو مارا پھر انکو جرمانہ کیا گیا، بابڑہ سمیت قومی تحریک کے تمام شہدا ہمارے لئے قابل فخر ہیں۔
