ہومبریکنگ نیوزپی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نئے مقدمے میں گرفتار

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نئے مقدمے میں گرفتار

لاہور(سب نیوز)نو مئی کو لاہور کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت پر رہا پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عائشہ علی بھٹہ کو نئے مقدمہ میں گرفتار کرکے انسداد دہشتگردی عدالت میں ہیش کیا گیا۔

عائشہ کو راحت بیکری افشاں چوک میں پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس نے عائشہ کا چہرہ ڈھانپ کرعدالت میں پیش کیا، کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجازاحمد بٹر نے کی۔

تفتیشی افسر نے ملزمہ کی شناخت پریڈ کی استدعا کی جس پرعدالت نے ملزمہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔عدالت نے 26 اگست کو شناخت پریڈ مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمہ تھانہ سرور روڑ کے مقدمہ نمبر 103/23 ، راحت بیکری افشاں چوک میں پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے میں ملوث ہے۔

ملزمہ کی جانب سے رانا مدثر عمر اور یوسف وائیں ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور کہا کہ عائشہ کو پہلے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث کیا گیا اور اب نئے مقدمہ میں ملوث کر دیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔