ہومپاکستانعوام کورونا وائرس کی آفت کو سنجیدہ لے ،افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے ویکسین لگوائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں، علی نواز اعوان

عوام کورونا وائرس کی آفت کو سنجیدہ لے ،افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے ویکسین لگوائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں، علی نواز اعوان

تمام مکاتب کے افراد ملک کو اس عالمی آفت سے نجات کے لیے اپنا کردار ادا کریں اپوزیشن قائدین حکومت پر تنقید کی بجائے خود بھی ویکسین لگوائیں اور اپنے حلقہ احباب کو بھی قائل کریں وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے
اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امور سی ڈی اے علی نواز اعوان نے ملک کے تمام طبقہ ہائے فکر سے اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس کی آفت کو سنجیدہ لیں اور اس آفت سے نمٹنے میں اپنی اپنی سطح پر کردار ادا کریں- بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس ایک عالمی آفت ہے اور ہمیں اس کا مقابلہ کرنے کے لیے اکٹھا ہونا ہوگا پاکستان اس وقت اس آفت کے بدترین دور سے گزر رہا ہے اور اس کی ایک بڑی وجہ ہمارے شہریوں کی طرف سے دکھائی جانے والی غیر ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام طبقات، مذہبی، سیاسی اور سماجی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔ عوام کو حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل پیرا کروانے کے لیے علما کرام، آئمہ مساجد، دیگر مذاہب کے سرکردہ افراد، سیاسی قائدین، ذرائع ابلاغ کے نمائندے اور سماجی رہنما اپنا کردار ادا کریں، خود بھی ایس او پیز پر عمل کر یں اور عوام کو بھی قائل کریں ۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ محض حکومت پر تنقید کی بجائے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور نہ صرف خود حکومتی ویکسین مہم سے فائدہ اٹھائیں بلکہ اپنے حلقوں اور علاقوں میں لوگوں کو اس بات پر قائل کریں کہ ویکسین لگوانا اور ایس اوپیز پر عمل کرنے میں ہی ان کی اور پاکستان کی بھلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کرونا وائرس کی ویکسین لگائی جارہی ہے تاہم پاکستان میں بدقسمتی سے ویکسین کے بارے میں غلط افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ ہمیں ان افواہوں کا رد کرکے ملک کو محفوظ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔