ہومبریکنگ نیوزلاپتہ خواتین کی بازیابی کیلئے مخصوص انویسٹی گیشن ٹیمیں بنانے کا حکم

لاپتہ خواتین کی بازیابی کیلئے مخصوص انویسٹی گیشن ٹیمیں بنانے کا حکم

لاہور:چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب بھر میں لاپتہ خواتین کی بازیابی کے لیے مخصوص انویسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دینے اور لاہور کی موجودہ تفتیشی ٹیم تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے خواتین کی بازیابی کے لیے الگ ٹیمیں اور خصوصی ونگ بنانے سے متعلق حکومتی ہدایات حاصل کرکے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے یہ احکامات سلمی بی بی کی جانب سے اپنی بیٹی مقدس کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران جاری کیے، عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب را عبد الکریم عدالت میں پیش ہوئے اور خواتین کے لاپتہ ہونے اور ان کی بازیابی سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ 2021 سے 2025 تک خواتین کے لاپتہ ہونے کے ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 387 کیسز تاحال حل طلب ہیں، اسی طرح سال 2026 میں خواتین کے لاپتہ ہونے کے 21 ہزار 956 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے ایک ہزار 781 کیسز حل ہونا باقی ہیں۔دوران سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ خواتین کے لاپتہ ہونے کے سب سے زیادہ کیسز کہاں رپورٹ ہوئے ہیں؟ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ زیادہ تر کیسز لاہور میں سامنے آئے ہیں۔

اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کی ناک کے نیچے سے اتنی خواتین لاپتہ ہوگئیں، یہ حیرت کی بات ہے، خواتین کی بازیابی کے کیسز میں خواتین پولیس افسران کو تعینات کیا جائے، آپ کا انویسٹی گیشن ونگ فعال نہیں، اسے تبدیل ہونا چاہیے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے مزید ریمارکس دیے کہ اگر لاہور پولیس کی موجودہ ٹیم کام کرنے کے قابل نہیں تو اسے تبدیل کریں اور لاہور میں ایسے اچھے افسران تعینات کریں جو خواتین کی بازیابی کے لیے مثر اقدامات کر سکیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب کسی بچی کے گھر سے لاپتہ ہونے کا واقعہ پیش آتا ہے تو اس کے اہلخانہ پر کیا گزرتی ہوگی، اس کا اندازہ لگانا ضروری ہے، پولیس افسران کے گھروں میں شاید ایسے معاملات پیش نہیں آتے، اس لیے انہیں بچیوں کی بازیابی کی اہمیت کا احساس نہیں ہوتا۔

چیف جسٹس نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ حکومت سے رابطہ کرکے خواتین کی بازیابی کے لیے الگ ونگ قائم کرنے اور مخصوص انویسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دینے سے متعلق ہدایات حاصل کی جائیں اور آئندہ سماعت پر عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔