ہومپاکستانعمران خان کو کورونا ریلیف فنڈ کے ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

عمران خان کو کورونا ریلیف فنڈ کے ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

کراچی،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کرونا وائرس ریلیف فنڈ کے ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا۔

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو سمجھنا ہوگا کہ کورونا وائرس کو قابو کئے بغیر ملک میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنا ممکن نہیں، وزیراعظم بتائیں کہ کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد کیلئے جو ٹائیگر فورس بنائی تھی، کیا وہ ناکام ہوگئی؟، عمران خان کو کورونا وائرس ریلیف فنڈ کے ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ حکمران کی غلط حکمت عملی کے سبب کورونا وائرس کی تیسری لہر ملک میں قابو سے باہر ہورہی ہے، کورونا کی تیسری لہر وائرس کی وہ برطانوی قسم ہے جو حکومتی نااہلی کی وجہ سے ائیرپورٹس پر کڑی نگرانی نہ ہونے کے سبب ملک میں آئی، خود عمران خان نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باوجود قرنطنیہ میں پانچ رکنی اجلاس کی سربراہی کی، جس ملک کا وزیراعظم کورونا وائرس کا شکار ہوکر احتیاط نہ کرے، اس ملک میں عام آدمی کیسے ایس او پیز کا خیال کرے گا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دنیا کرونا ویکسین لگا کر وبا سے باہر نکل رہی ہے اور بدقسمتی سے ملک میں ویکسین نہ ہونے کے برابر ہے، پاکستانی حکومت اگر چاہتی تو بروقت بڑے پیمانے پر کورونا ویکسین خرید سکتی تھی، لیکن عمران خان کی کوشش مفت امدادی ویکسین کا حصول رہی، چین اگر ویکسین عطیہ نہیں کرتا تو پاکستان میں فوری طور پر فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ڈوز فراہم کرنے کا سلسلہ نہ شروع ہوپاتا، حکومت کی کورونا ویکسین کی بروقت بڑے پیمانے پر خریداری میں مکمل ناکامی کا خمیازہ پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں، اب بھی اگر موجودہ رفتار سے کورونا سے بچائو کی ویکسین لگائی جاتی رہی تو پاکستان میں تین سے زائد سالوں میں صرف 20 فیصد آبادی کو ویکسین لگ سکے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔