اسلام آباد،وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری دعائیں ہندوستان کے شہریوں کے ساتھ ہیں ،خدا ہم سب پر اپنا کرم اور رحم کرے اور یہ مشکل وقت جلد ختم ہو۔ آمین ۔واضح رہے کہ بھارت میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس کے تین لاکھ سے زائد نئے کیسز کی رپورٹ ہورہے ہیں، جو اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز کا نیا ریکارڈ ہے۔ طبی حکام کے مطابق اس وقت بیشتر ہسپتالوں میں آکسیجن کی شدید قلت ہے جو کئی اموات کا باعث بن رہی ہے۔ ملکی عدالت عظمی نے نئی دہلی حکومت پر زور دیا ہے کہ آکسیجن اور ضروری ادویات کی سپلائی یقینی بنانے کے لیے قومی سطح کے کسی منصوبے کو حتمی شکل دی جائے۔ دریں اثنا گزشتہ روزممبئی کے نواح میں ایک ہسپتال میں آتش زدگی کے نتیجے میں کوروناکے 13مریض ہلاک ہو گئے۔ وجے ولبھ نامی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں لگنے والی آگ پر اب قابو پا لیا گیا ہے اور زخمی مریضوں کو دیگر ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ بھارت میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد سولہ ملین کے قریب جب کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریبا ایک لاکھ ستاسی ہزار ہو گئی ہے۔
بھارت میں کورونابے قابو، ہماری دعائیں ہندوستان کے شہریوں کے ساتھ ہیں ، فواد چوہدری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
