کراچی (سب نیوز )حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدہ ہونے کے امکان کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی پڑنے لگے، پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1371 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ (پی ایس ایکس) میں پیر کو کاروبار کا آغاز انتہائی شاندار رہا، کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز مارکیٹ میں ابتدا سے ہی تیزی دیکھی گئی۔
کے ایس ای 100 انڈیکس 1371 پوائنٹس کے اضافے سے 41 ہزار 437 پوائنٹس پر بند ہوا۔پیر کو مجموعی طور پر 12 کروڑ 23 لاکھ 22 ہزار 431 شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مالیت 6 ارب 2 کروڑ 88 لاکھ 4 ہزار 815 روپے تھی۔کاروبار کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 41 ہزار 491 پوائنٹس پر بھی دیکھا گیا۔ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 40 ہزار 65 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
