ہومپاکستاناوکاڑہ سے حج کے لیے پیدل سفر کرنے والے عثمان ارشد مکہ پہنچ گئے

اوکاڑہ سے حج کے لیے پیدل سفر کرنے والے عثمان ارشد مکہ پہنچ گئے

پاکستان کے شہر اوکاڑہ سے حج کے لیے پیدل سفر کرنے والے عثمان ارشد مکہ پہنچ گئے ہیں۔
عثمان نے حج کے لیے اپنے آبائی علاقے اوکاڑہ سے یکم اکتوبر کو پیدل سفر کا آغاز کیا تھا۔ اس سفر کے دوران وہ گاہے بہ گاہے سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرتے رہے ہیں۔
جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب انہوں نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ چھ ماہ اور تیرہ دن میں 5400 کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرنے کے بعد بالآخر مکہ پہنچ گئے ہیں۔
عثمان نے مکہ پہنچ کر عمرہ بھی ادا کر لیا ہے جس کی انہوں نے ایک تصویر بھی شیئر کی ہے۔
عثمان یکم اکتوبر کو پنجاب سے اپنا سفر شروع کرنے کے بعد براستہ بلوچستان ایران میں داخل ہوئے تھے جس کے بعد وہاں سے وہ عراق اور پھر کویت سے سعودی عرب پہنچے۔
اس سفر سے متعلق عثمان نے بتایا تھا کہ انہوں نے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کر کے پیدل حج کی درخواست کی تھی اور راستے میں آنے والے ممالک سے کلیئرنس کی یقین دہانی کے بعد حج کے لیے پیدل سفر کا آغاز کیا تھا۔
واضح رہے کہ پیدل سفر کر کے مکہ پہنچنے سے قبل عثمان اپنے آبائی علاقے اوکاڑہ سے خنجراب پاس تک کا پیدل سفر کر چکے ہیں۔ یہ سفر انہوں نے تقریبا 34 دن میں طے کیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔