Saturday, November 9, 2024
ہومپاکستانبھارتی اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو خریدنے کیلئے سیکشن 6 ،17 نافذ

بھارتی اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو خریدنے کیلئے سیکشن 6 ،17 نافذ

پشاور،خیبر پختونخوا حکومت نے بھارتی اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کا قبضہ حاصل کرنے کے لیے قانون کا سہارا لے لیا۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے بھارتی لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو خریدنے کے لیے لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894 کے تحت دفعہ 6 اور دفعہ 17 نافذ کردیں۔ جس کے تحت اب حکومت دونوں گھروں کا قبضہ حاصل کرسکتی ہے۔دفعات نافذ کرنے کے بعد اب حکومت کی جانب سے اگلے مرحلے میں دفعہ 9 نافذ کر کے مالکان کو سرکاری طور پر مقرر کردہ رقم وصول کرنے کی دعوت دی جائے گی۔مکان مالکان کی جانب سے اعتراض کی صورت میں 15 روز کے اندر اپیل دائر کرنا ہو گی بصورت دیگر دونو ں گھروں کے ایوارڈ کا اعلان کر کے حکومت انہیں اپنی تحویل میں لے لے گی۔ مکانات کے مالکان ڈپٹی کمشنر کے فیصلے کو اعلی عدلیہ میں چیلنج کرسکیں گے۔خیبر پختونخوا حکومت نے بالی ووڈ کے مشہور اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو عجائب گھر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے باعث قانونی کاروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ دلیپ کمار کے آبائی گھر کے مالک حاجی لال محمد نے 80 لاکھ روپے میں مکان فروخت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔