اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں جاری وارنٹ گرفتاری کیخلاف درخواست پر اعتراض عائد کردیا۔عمران خان کی لیگل ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچی تھی اور توشہ خانہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں وارنٹ منسوخ کرنے اور آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی تھی تاہم رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض عائد کردیا۔رجسٹرار آفس نے اعتراض کیا کہ عمران خان کا بائیومیٹرک نہیں کرایا گیا۔
دوسری جانب عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونیکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔ خیال رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔
