Saturday, November 9, 2024
ہومپاکستانشہباز شریف کیخلاف آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت 30مارچ تک ملتوی

شہباز شریف کیخلاف آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت 30مارچ تک ملتوی

لاہور ،لاہور کی احتساب عدالت نے شہبازشریف کیخلاف آشیانہ اقبال کیس کی سماعت 30مارچ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے شہبازشریف اور نیب کے گواہوں کو آئندہ سماعت پر مصدقہ ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔ دوسری جانب شہبازشریف خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف دائر اعتراضات پر عدالت نے وکلا کو بحث مکمل کرنے کیلئے آخری موقع دیدیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ قائد حزب اختلاف شہبازشریف،احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان جج امجد نذیر چودھری کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت میں غیر متعلقہ افراد کا رش ہونے پر جج نذیر چودھری نے برہمی کاظہار کیا۔ عدالت نے ڈی ایس پی جوڈیشل کسٹڈی محمد علی کی سرزنش کی اور مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکو کیسے سمجھایا جائے کتنی بار کہا ہے کہ کمرہ عدالت میں کوئی پرائیویٹ آدمی نہ آئے لیکن عملدرآمد نہیں ہوتا آپ اپنی ڈیوٹی ٹھیک سے انجام نہیں دے سکتے تو کیوں نہ آپ کے افسروں کو طلب کروں۔دوران سماعت گواہ آپریشنز مینجر ایم سی بی نیو گارڈن ٹان برانچ یاسر شبیر کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت 30مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے بعد وکلا نے شہباز شریف کو درخواست ضمانت کا تیار کردہ ڈرافٹ دکھایا۔ شہباز شریف نے اپنی لیگل ٹیم کو درخواست ضمانت میں مزید قانونی نکات شامل کرنے کی ہدایات کردیں۔دوسری جانب جج جواد الحسن کی عدالت میں شہباز شریف خاندان کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف دائر اعتراضات پر سماعت ہوئی۔ شہباز شریف کے وکیل نے بحث کے لئے ایک بار پھر مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے پچیس مارچ کو بحث مکمل کرنے کا آخری موقع دیدیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔