اسلام آباد(سب نیوز)چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ ، بدقسمتی ہے کہ ملک میں ایک متوازی اکانومی بھی ہے جو زیادہ مضبوط ہے ۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کیخلاف پارٹی فنڈنگ کیس پر سماعت کی۔
الیکشن کمیشن نے فنڈز اسکروٹنی کی پیش رفت رپورٹ جمع کرا دی،چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ اسکروٹنی مکمل ہونے میں کتنا وقت لگے گا ؟ جس پر ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ ہزاروں ٹرانزیکشنز کا معاملہ ہے، ہم کام کر رہے ہیں۔
دوران سماعت پی ٹی آئی وکیل نے امتیازی سلوک کا گلہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پیش رفت رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کی استدعا کی۔
عدالت نے جلد اسکروٹنی مکمل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو چارٹرڈ اکاونٹنٹ اور فرانزک ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کردی۔
دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آج بھی کروڑوں کی ٹرانزیکشنز بیگ میں ہوتی ہیں، فیصل آباد اور کراچی میں کروڑوں کا بزنس پرچیوں پر ہو رہا ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ ڈاکیومنٹڈ اکانومی ہو ، بدقسمتی ہے کہ ملک میں ایک متوازی اکانومی بھی ہے جو زیادہ مضبوط ہے، ایک کروڑ کا چیک دینے والا کیا اس رقم پر ٹیکس ری بیٹ لیتا ہے ؟ مزاروں کی آمدن کروڑوں میں ہے جس کا کوئی حساب کتاب بھی نہیں۔
عدالت عالیہ نے کیس کی سماعت دو مارچ تک ملتوی کردی۔
پارٹی فنڈنگ کیس؛ مزاروں کی آمدن کروڑوں میں ہے جس کا کوئی حساب کتاب نہیں
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
