کوئٹہ(سب نیوز) بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں جاگری ،
جس کے نتیجے میں اب تک 39 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں ۔تفصیلا ت کے مطابق مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی آرہی تھی ، کھائی میں گرنے کے بعد کوچ میں آگ بھڑک اٹھی ، امدادی کارروائیوں کے دوران کوچ سے اب تک 39 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں
جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں ، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔حادثے کی اطلاع پر فائربریگیڈ گاڑیوں اور ریسکیو عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی ، اے سی بیلہ کے مطابق مسافر کوچ میں 48 مسافر سوار تھے۔اسسٹنٹ کمشنر لسبیلہ حمزہ انجم کے مطابق مسافر کوچ میں جاں بحق افراد کی تعداد 39 ہوگئی ہے، مسافر کوچ میں 48 افراد سوار تھے جن میں بچوں اور خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ تمام صورتحال کو خود مانیٹر کر رہا ہوں، زیادہ تر لاشیں جل جانے کے باعث ناقابل شناخت ہیں اور اُن کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔ایدھی انچارج لسبیلہ ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کا کہنا ہے کہ بس میں پھنسے مزید مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیلہ میں کوچ کے المناک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ ریسکیو آپریشن جاری رکھ کر زخمیوں کو فوری اسپتالوں تک پہنچائے۔
