ہومپاکستانپیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان

اسلام آباد(سب نیوز) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا۔حکومت نے پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کا تیل مہنگا کر دیا ۔

پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 249 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا ہو کر 262 روپے 80 پیسے کا ہو گیا۔ مٹی کا تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل 18 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے۔

مٹی کا تیل 189روپے83پیسے کا ہو گیا جب کہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل187 روپے کا ہو گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی قیمتوں کااطلاق کردیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کی خبریں سامنے آئیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً 11 فیصد تک کا اضافہ ہوا، ہمیں ان سب چیزوں کو سامنے رکھنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اوگرا کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کو ختم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر تک اضافے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، پچھلے 4 ماہ میں ایک بار بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت کو نہیں بڑھایا گیا بلکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کی گئیں۔

قبل ازیں پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کی قلت کے باعث شہری در بدر بھٹکنے لگے۔سیالکوٹ،بہاولپور، گوجرانوالہ، ساہیوال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کا مصنوعی بحران پیدا ہوگیا۔ شہری پیٹرول اور ڈیزل کی تلاش میں ایک سے دوسرے پمپ پر مارے مارے پھرنے لگے۔رحیم یار خان، چشتیاں، کوٹ ادو میں بھی مالکان نے پمپ بند کر دیے ہیں۔ قصور، شیخوپورہ کھاریاں، سمندری میں بھی پیٹرول دستیاب نہیں۔پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کم آرہی ہیں جس کی وجہ سے سپلائی متاثر ہے۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس کی بندش کے معاملے پر پمپس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ بند رکھنے والوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔حکام نے کہا کہ صوبائی چیف سیکریٹریز کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔اوگرا حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس بندش معاملے کو جلد نمٹایا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔