ہومپاکستانروس اور کامسٹیک کے درمیان سائنسی و علمی تعاون کی نئی راہوں کا جائزہ

روس اور کامسٹیک کے درمیان سائنسی و علمی تعاون کی نئی راہوں کا جائزہ

اسلام آباد (سب نیوز) پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریف نے اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک)کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کر رہے تھے۔
ملاقات میں او آئی سی میں روس کی مبصر ریاست کی حیثیت کے تناظر میں کامسٹیک اور روس کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کازان فیڈرل یونیورسٹی اور زلزلہ انجینئرنگ اور قدرتی و انسان ساختہ خطرات سے تحفظ کی روسی ایسوسی ایشن کے ساتھ نتیجہ خیز تعاون کو اجاگر کیا۔
فریقین نے علمی و تعلیمی تبادلوں کو وسعت دینے کے وسیع امکانات کی نشاندہی کی، جن میں جامعات کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا، اسکالرشپ پروگراموں کو فروغ دینا اور بنیادی تحقیق کے مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانا شامل ہے۔ انہوں نے سائنس، ٹیکنالوجی اور اعلی تعلیم کے شعبوں میں کامسٹیک اور روسی فیڈریشن کے درمیان تعاون سے متعلق ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس میں طے پانے والے اقدامات پر عمل درآمد تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ اجلاس 13 مئی 2026 کو کازان میں بین الاقوامی اقتصادی فورم روساسلامی دنیا: کازان فورم کے حاشیے پر منعقد ہوا تھا۔
سفیر البرٹ خوریف نے او آئی سی اور پاکستان سمیت دیگر مسلم کے ساتھ کثیرالجہتی مکالمے کو مزید وسعت دینے کے لیے روس کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے اس امر کو بھی اجاگر کیا کہ کامسٹیک کے ساتھ تعاون روس اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
دونوں جانب سے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے اور مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔