اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے راہنماء چوہدری وسیم بہادر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کا سب سے مقبول لیڈر ہے،ضمنی الیکشن میں عمران خان بغیر مہم چلائے جیت گیا۔لوگوں کو پتہ تھا کہ عمران خان نے اسمبلی میں نہیں بیٹھنا لیکن اس کے باوجود انہوں نے خان کو ووٹ دئیے۔
انہوں نے کہا عمران خان کو پاکستان کی سیاست سے مائنس نہیں کیا جاسکتا۔عمران خان کی مقبولیت کم کرنے کے تمام حربے ناکام ہوچکے ہیں۔اپنے حلقہ کے معززین کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری وسیم بہادر نے کہا کہ وہ کپتان کے سپاہی ہیں اور ہر حال میں اپنے کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے عمران خان کو دوبارہ وزیراعظم بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام تر سازشوں کے باوجود تحریک انصاف کا گراف مزید اوپر گیا ہے۔آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں بدترین مہنگائی ہے۔کیونکہ چوروں کا ٹولہ ملک پر مسلط ہے۔پاکستان کے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رھے ہیں۔اور حکمران روزانہ کی بنیاد پر کابینہ میں توسیع کررھے ہیں اور غیر ملکی دورے کرنے میں مصروف ہیں۔چوہدری وسیم بہادر نے کہا کہ کپتان کے تمام کھلاڑی الیکشن کی تیاری میں مصروف ہیں۔اور وہ بھی الیکشن کے لئے مکمل تیار ہیں۔خان کا ٹکٹ جس کو ملے گا وہی جیتے گا۔ خان سے بے وفائی کرنے والوں کی ضمانتیں ضبط ہوں گے۔
