لاہور(سب نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سیاسی محاذ پر سرگرم ہوگئے ہیں، پنجاب میں اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج زمان پارک میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان ملاقات کے دوران پنجاب میں اعتماد کے ووٹ لینے کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔ملاقات میں عمران خان تحریک انصاف کا مہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف احتجاجی تحریک کا بھی جائزہ لیں گے اور قومی اسمبلی میں استعفوں سمیت دیگر امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ زمان پارک اور اطراف میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی نگرانی جاری ہے۔دو روز قبل صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل میں تاخیر کے معاملے پر سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے استعفوں کی تجویز پر مزید مشاورت کا فیصلہ کیا تھا۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا تھا کہ تحریک انصاف کا قومی اسمبلی کی طرح پنجاب اسمبلی سے بھی استعفے کی تجویز زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین کو تجویز دے دی گئی ہے کہ اگر اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر ہوئی تو پی ٹی آئی اراکین استعفے دے سکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعت کی جانب سے اسمبلی کی تحلیل میں لعیت و لعل پر اراکین اسمبلی کے استعفوں کی تجویز دی گئی، اگر پنجاب اسمبلی عمران خان کے موقف کے مطابق تحلیل ناہ کی گئی تو اراکین مستعفیٰ بھی ہوسکتے ہیں۔
