Monday, May 13, 2024
ہومپاکستانکیچ میں فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 2مزدور قتل

کیچ میں فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 2مزدور قتل

کوئٹہ (آئی پی ایس )بلوچستان کے علاقے کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو غیر مقامی افراد کو قتل کردیا۔ فائرنگ کا واقعہ تحصیل تمپ کے علاقہ سرنکن پیش آیا۔مقتولین کی شناخت محمد شاہد ولد محمد صدیق اور محمد نعیم ولد محمد حنیف کے نام سے ہوئی ہے اور دونوں کا تعلق پنجاب کے شہر فیصل آباد سے ہے۔

لیویز کنٹرول کا کہنا ہے کہ دونوں افراد مزدور تھے۔یہ پہلا واقعہ نہیں کہ بلوچستان میں باہر کے لوگوں کو قتل کیا گیا ہو، اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔اپریل میں نوشکی میں بی ایل اے کے دہشت گردوں نے ایران جانے والی بس کو روک کر شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 زائرین کو قتل کیا تھا۔ضلعی انتظامیہ نے دونوں مقتولین کی لاشیں تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ تاہم، حالیہ واقعہ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے، نہ ہی واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔

وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کیچ میں دونوں مزدوروں کے قتل کی مذمت کی ہے۔ایکس پر جاری اپنی ٹوئٹ میں سرفراز بگٹی نے لکھا کہ نام نہاد دہشت گردوں نے دو معصوم پاکستانیوں کو شہید کیا، جب ہم جیسے لوگ کہتے ہیں کہ بلوچستان میں قوم پرست علیحدگی پسند دہشت گردی ہے تو کہا جاتا ہے کہ یہ حقوق کی جنگ ہے۔وزیر اعلی سرفراز بگٹی نے لکھا کہ معصوم افراد کو شناخت کی بنیاد پر شہید کیا گیا، واقعہ قابل مذمت ہے، بلوچستان حکومت غم کی اس گھڑی میں مظلوم، بے گناہ اور نہتے مزدوروں کے پسماندگان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلی بلوچستان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں، ان کے مالی و نظریاتی مدد گاروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔