Wednesday, July 3, 2024
ہومتازہ ترینچین کا قمری مشن چینگ ای 6 کامیابی کے ساتھ چاند پر اتر گیا

چین کا قمری مشن چینگ ای 6 کامیابی کے ساتھ چاند پر اتر گیا

بیجنگ (آئی پی ایس )چین کا چینگ ای 6 قمری مشن نمونے جمع کرنے کے لیے چاند کے دور دراز حصے پر کامیابی کے ساتھ اتر گیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چین کی قومی خلائی انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے کہا کہ چینگ ای بہت بڑے جنوبی قطب-آٹکن بیسن میں اترا ہے۔

یاد رہے کہ چینگ ای 6 پہلا مشن ہے جو چاند کے اس حصے پر اترا ہے جو سب سے دور سمجھا جاتا ہے۔ایجنسی کے مطابق، یہ پہلی بار ہے کہ چاند کے شاذ و نادر ہی دریافت کیے گئے علاقے سے نمونے جمع کیے جائیں گے۔چینگ ای 6 تکنیکی طور پر پیچیدہ 53 روزہ مشن پر ہے جو 3 مئی کو شروع ہوا تھا۔چائنا ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن کے ایک اہلکار ہوانگ وو نے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کو بتایا کہ اتوار کو اس نے چاند سے تقریبا 200 کلومیٹر (124میل) اوپر اپنے مدار سے اتر کر لینڈنگ سائٹ کے لیے سطح کا جائزہ لیا۔

اب جب کہ پروب اتر چکا ہے تو یہ چاند کی مٹی اور چٹانوں کو اٹھانے اور لینڈنگ زون میں دیگر تجربات کرنے کی کوشش کرے گا۔واضح رہے کہ 3 مئی کو چین کے خلائی مشن چینگ ای 6 کے ساتھ پاکستان کا سیٹلائٹ آئی کیوب قمر چاند کے گرد چکر لگانے کے لیے روانہ ہوگیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔