گلگت(آئی پی ایس)AC / ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گلگت کیپٹن(ر) اریب احمد مختار نے کہا کہ شہر میں گرانفروشی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی عوامی شکایات پر روزانہ کاروائیاں کی جارہی ہیں خود ساختہ مہنگائی کرنے والوں کو نہیں بخشاجائے گا سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹی ہمہ وقت کوشاں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز مقامی میڈیا کیلئے جاری ایک بیان میں کیا۔ انکا کہنا تھا ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ چھاپہ مار ٹیمیں گرانفروشوں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔
عوامی شکایات پر روزانہ کاروائی جاری ہے خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں کے ساتھ جیل کی سزابھی دی جاری ہے تاکہ زائد منافع کے لالچ میں دکاندار حضرات کو راہ راست پر لایا جاسکے، علاوہ ازیں انہوں نے ملکی نشریاتی ادارے کو دئے گئے انٹرویو میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے جانب سے روزانہ کے کارکردگی کے سلسلے میں کہا کہ شہر میں خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے مشترکہ چھاپہ مار ٹیمیں روزانہ کاروائیاں کررہی ہیں جسکی وجہ سے قیمتوں میں استحکام اور خودساختہ مہنگائی روکنے میں مدد ملتی ہے اس سے قبل میٹ انسپکٹرڈاکٹرمشتاق عالم، فوڈ انسپکٹر راشد قاسمی نے میونسپل مجسٹریٹس اور بلدیہ فورس کے ہمراہ شہر کے مختلف مارکیٹوں میں گرانفروشوں کے خلاف چھاپہ مارکاروائیوں کے بارے رپورٹ دی۔
جس پر چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کیپٹن (ر)اریب احمد مختارنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد نہ کرنے والے تاجروں کیخلاف کاروائیاں تیز کرنے کابھی احکامات دئے۔ عوامی شکایات پر گرانفروشوں کے خلاف کاروائیوں میں تیز ی لائی جائے، انتظامی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کسی رعائت کے مستحق نہیں، واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر گلگت کیپٹن (ر) اسامہ مجید چیمہ کے قیادت میں اسسٹنٹ کمشنر اور اسکی ٹیم عوامی مسائل کے حل کیلئے مصروف عمل ہے۔
