اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)پاکستان عوامی قوت پارٹی کے سربراہ اور راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہاسپٹل و راول فاونڈیشن کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے کہا ہے کہ کے پی کے میں ترقیاتی کام خاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبے میں کچھ نہیں کیا گیا محض نعروں سے کام چلایا گیا عملی طور پر کچھ بھی نہیں جس سے صوبے کے عوام میں مایوسی دن بدن پھیلتی جا رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں پشاور سے آئے ہوئے سیاسی و سماجی رہنماوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
وفد میں حاجی گل نیاز۔ ملک محمد خان۔ عرفان درانی اور جارج شیرون شامل تھے۔ وفد نے پاکستان عوامی قوت پارٹی کے منشور کی تعریف کی اور کہا کہ اس وقت کے پی کے میں پاکستان عوامی قوت پارٹی جیسی جماعت کی ہی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہے اور انہوں نے صحت تعلیم اور روزگار کے معاملے میں برسر اقتدار آنے سے پہلے ہی ڈلیور کیا ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ وفد سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان عوامی قوت پارٹی خاقان وحید خواجہ نے کہا کہ ہم عوام کے مسائل کو جانتے ہیں ہم نعرہ نہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں ہم اقتدار میں نہیں لیکن کے پی کے میں صحت۔ فنی تعلیم اور روزگار کے مواقع سمیت ای کامرس اور دیگر ٹیکنیکل تعلیم میں ہم نے عوام کو سہولیات دے رکھی ہیں ہمارا مقصد آئندہ آنے والی نسلوں کو تعلیم یافتہ برسر روزگار اور ایک اچھا پاکستانی بنانا ہے اس کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔ وفد نے چیئرمین پاکستان عوامی قوت کو پشاور آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ چیئرمین پاکستان عوامی قوت خاقان وحید خواجہ جلد ہی پشاور کا دورہ کریں گے۔
