ہومپاکستانسپریم کورٹ اور آزاد کشمیر کے درمیان ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

سپریم کورٹ اور آزاد کشمیر کے درمیان ادارہ جاتی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان اور سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے موثر، قابلِ رسائی اور عوام دوست نظامِ انصاف کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی تعاون بڑھانے، جدید عدالتی اصلاحات کے تجربات کے تبادلے اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اشتراک جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے افسران کے ایک وفد نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس یحیی آفریدی سے ملاقات کی۔ سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کا وفد ادارہ جاتی استعدادِ کار اور تجربات کے تبادلے کے پروگرام کے تحت سپریم کورٹ آف پاکستان کے 2 روزہ دورے پر ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ادارہ جاتی تعاون، پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافے اور بہترین عدالتی طریقہ کار کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ موثر عدالتی انتظام اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے مختلف عدالتی اداروں کے درمیان باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ملاقات کے دوران وفد کو سپریم کورٹ کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جو عوام مرکز، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ، شفاف اور موثر نظامِ انصاف کے قیام پر مرکوز ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔