ہومپاکستانچیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت، وزیر اعظم کا سیلاب زدہ علاقوں میں نظام زندگی بحال کرنیکا حکم

چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی تعاون کی ضرورت، وزیر اعظم کا سیلاب زدہ علاقوں میں نظام زندگی بحال کرنیکا حکم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بے مثال معاونت پر مشکور ہیں، انتونیو گوتریس کا دورہ سیلاب سے جنم لینے والے انسانی المیے سے متعلق آگاہی کے لیے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ہمدردانہ اور قائدانہ کردار نے بے حد متاثر کیا جبکہ پاکستان کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ انتونیو گوتریس سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی سے دلی طور پر رنجیدہ ہوئے وہ سیلاب متاثرین کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے جو کہا اس پر دنیا کو توجہ دینی چاہیے۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے سڑکوں کی بحالی کے لیے جلد از جلد خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوں میں نظام زندگی کی بحالی کے لئے نظام مواصلات، بجلی کی ترسیل اور دیگر امدادی کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے اور سیلاب زدہ علاقوں میں اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کا بھی کہا، اجلاس میں وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے اور چیئرمین این ایف آر سی سی نے شرکت کی۔ادھر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دادو میں گرڈ اسٹیشن کو سیلابی ریلے سے بچانے کی فوری ہدایات جاری کر دی۔شہباز شریف نے دادو و گردو نواح کے علاقوں میں سیلابی صورتحال، 500KV گرڈ اسٹیشن کو خطرے کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے اعلی سول و فوجی قیادت کو تمام تر وسائل بروئے کار لا کر گرڈ اسٹیشن کو سیلاب سے بچانے کی ہدایت جاری کی۔وزیرِ اعظم کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے مورو شہر سے تین ایکسکویٹر روانہ کردیئے گئے، شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کے بچا و بحالی کے کام کی 24 گھنٹے خود نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرڈ اسٹیشن کو فوری طور پر سیلاب سے متاثر ہونے سے بچایا جائے، گرڈ اسٹیشن کا بچا بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے نہایت ضروری ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی قوم کی مشکلات کا حل بابائے قوم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے لازوال سنہری اصولوں پر عمل درآمد کو قرار دے دیا۔ان خیالات اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کے 74 ویں یوم وفات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم آج کے دن قائدِاعظم کی مسلمانانِ برصغیر کے حقوق کی جنگ میں انتھک جدوجہد، دوراندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائدِ اعظم کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آج قوم کو پاکستان کو درپیش چیلینجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے بابائے قوم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے لازوال سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی سب سے ذیادہ ضرورت ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی مشکلات میں گھرے وطنِ عزیز کو سیلاب کی قدرتی آفت کا سامنا ہے لیکن مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہم اپنے ایمان کی طاقت، اتحاد اور بھائی چارے سے اپنی صفوں میں ایسا نظم و ضبط لے کر آئیں گے کہ صرف سیلاب و معاشی مشکلات نہیں بلکہ تمام چیلینجز پرقابو پاکر قائد کے عظیم پاکستان کی منزل کو جلد حاصل کر لیں گے، راستہ دشوار ضرور ہے مگر منزل کا حصول ناممکن ہر گز نہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔